وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ امریکا پر سازش کا الزام لگانے والے عمران خان اب امریکیوں سے ہاتھ جوڑ کر مدد مانگ رہے ہیں۔
ملک احمد خان کے ہمراہ لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران عطاتارڑ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے تو آپ کے خلاف سازش کرکے حکومت ختم کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان امریکی کانگریس کی رکن سے ہاتھ جوڑ کر مدد مانگ رہے تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اللّٰہ وہ وقت کسی پر نہ لائے جس طرف فوادچوہدری ڈر کر بھاگے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام ذوالفقار علی بھٹو کا جوڈیشل مرڈر تھا، آپ 24 گھنٹے جیل میں نہیں گزار سکتے اور کہتے ہیں یہ سیاسی انتقام ہے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اب آپ کی باری ہے، آپ نے اب گھبرانا نہیں، آپ کیا چاہتے ہیں؟ 9 مئی کے حملوں میں ملوث ملزمان کو نہ پکڑا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، دفاعی تنصیبات پر حملے کرکے باہر سے مدد مانگنا، ایب سلوٹلی ناٹ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کی تینوں بہنیں کور کمانڈر کے گھر کے باہر موجود تھیں، پی ٹی آئی کے لوگ کور کمانڈر ہاؤس کے اندر موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی افسر نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی تعریف کی کہ یہ بڑی دلیری سے لڑا، وہ خراج تحسین آج بھی ہمارے پاس ہے۔