چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تو امن چاہتے ہیں انتشار تو کوئی اور چاہ رہا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر اسپیس پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہماری حمایت کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس وقت پاکستان میں جو ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے کور کمانڈر ہاؤس اور دیگر مقامات پر ہماری جماعت نے آگ لگائی۔ ہم تو چاہتے ہیں امن ہو اور الیکشن ہو، انتشار تو کوئی اور چاہ رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ پہلے بھی ہوچکا ہے کہ واقعات کا فائدہ اٹھا کر مخالف کو ختم کردو۔ یہ جان کر فضا بنا رہے ہیں کہ دوبارہ گرفتار کریں تو لوگ خوفزدہ ہو کر کھڑے نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس جل گیا اس پر بھی انکوائری نہیں ہوئی۔ کور کمانڈر ہاؤس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں گے دیکھیں تو کس نے جلایا۔
عمران خان نے کہا کہ سب سے زیادہ خطرہ مجھے ہے، ان کے راستے میں تو میں کھڑا ہوں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شریف مافیا نے عدلیہ کو تقسیم کرنے کی پوری کوشش کی۔ اب پھر ان کی کوشش ہے کہ عدلیہ کو تقسیم کریں، ہمیں پاکستان کا سپریم کورٹ بچائے گا۔