• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں۔

ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور حامیوں کو ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو بھی ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کرلیا گیا، اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اب جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ہی اصل دستور ہے، اس لاقانونیت کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات اور آئین کو بھی نہایت بے رحمی اور ڈھٹائی سے روندا جارہا ہے، پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے قائدین کو تحریک چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، انسانی حقوق کا خون سرِعام کیا جارہا ہے، میڈیا کا گلا گھونٹا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، شدید گرم موسم میں گرفتار کارکن تنگ و تاریک کوٹھریوں میں ٹھونس دیے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے کئی کارکنان کو دورانِ حراست بدترین تشدد کا سامنا ہے، اس یزیدیت کے سامنے سَرنِگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے، میں اپنے آخری دَم تک اس یزیدیت کے خلاف مزاحمت کروں گا۔

قومی خبریں سے مزید