• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اسماعیل کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ 

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ آج انکی آخری سیاسی پریس کانفرنس ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنماؤں میں سے ہوں۔ جب عمران خان کا ساتھ دینا کا فیصلہ کیا تو اس وقت ترقی و خوشحالی والے پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔ 

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے پانچ چھ دن بہت سوچا۔ چھپتا رہا لیکن بعد میں پکڑا گیا، مجھ پر جو مقدمہ ہوا اس میں میں شامل نہیں تھا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ میرے اوپر کوئی کیس نہیں ہے، آج ایک آزاد شہری ہونے کی حیثیت سے میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام عہدے چھوڑ رہا ہوں۔ 

انکا کہنا تھا کہ میں پاکستان تحریک انصاف چھوڑ رہا ہوں، لیکن حتمی طور پر سیاست کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ جاری رہے گی یا نہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ لوگوں نے مزید عزت دی، میں انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر عمران خان کو خدا حافظ کہتا ہوں، تحریک انصاف کو اللّٰہ حافظ کہتا ہوں۔

خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل عمران اسماعیل کو کراچی کی سینٹرل جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ سابق گورنر سندھ سمیت 5 اراکین کی جانب سے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان متوقع ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران اسماعیل کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ریلیز آرڈر جاری کیا تھا۔

ان سے قبل کراچی سے سابق وفاقی وزیر علی زیدی بھی پاکستان تحریک انصاف سیاست چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید