وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نو مئی کے خوفناک واقعات نے ہی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کے لگاتار احتجاج، لانگ مارچ اور دھرنے سے معیشت پر بہت برا اثر پڑا، عمران خان معاشی چیلنج کو بڑھانے میں اپنا کردار آسانی سے بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ختم کرکے عمران خان نے ہمیشہ چاہا کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات عمران خان کے ناپاک عزائم کی ناقابل تردید توثیق ہیں، عمران خان کے بے شمار کرپشن کیسز اس سب کے علاوہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم تباہی کے دہانے سے ہٹ چکے ہیں، سخت معاشی اقدامات اور بروقت پالیسی مداخلت کے ذریعے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں کررہے ہیں۔