• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی مسلم لیگ ق میں شمولیت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری سرور سے سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کل لاہور میں ق لیگی سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات کے بعد چوہدری سرور اور تنویر الیاس نے میڈیا سے گفتگو کی۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر نے کہا کہ ملک کا مفاد پہلے ہے پارٹی بعد میں آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی سب نے مذمت کی اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ ملکی حالات پر غور کیا ہے، اکٹھے مل کر ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہنگائی، بیروزگاری پر تشویش ہے جبکہ ڈالر بے قابو ہوچکا ہے۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ چوہدری سرور انتہائی متحرک کردار ادا کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے معیشت تباہ ہوگئی ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوکر سوچیں مسائل کا حل کیسے نکالا جا سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم دونوں تحریک انصاف میں تھے، ہم صرف پاکستانی ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں اکٹھے چل کر کیسے قوم کےلیے بہتری لا سکتے ہیں،کل چوہدری شجاعت سے ملوں گا۔

قومی خبریں سے مزید