اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بھی این سی اے کے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں چیئرمین تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر این سی اے کے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں عمران خان احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔
عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔
دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے ان سے سوال کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیا حکم دیا ہے؟
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ 3 دن میں متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
جج محمد بشیر نے سوال کیا کہ تو آپ نے آج ہی درخواست دائر کر دی؟
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ عمران خان کی درخواستِ ضمانت تیار رکھی تھی کہ ضرورت پڑی تو آج ہی دائر کر دیں گے، انہیں 17 جون کو اے ٹی سی آنا ہے۔
احتساب عدالت نے عمران خان کی 19 جون تک ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے عمران خان کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی۔