• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے سندھ حکومت کا ایک بار پھر چین سے رجوع

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو

کئی دہائیوں سے متنازع بنے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ایک بار پھر چین سے رجوع کیا ہے۔ 

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج  صبح کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) سے متعلق اجلاس منعقد کیا، جس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، سینئر ممبر بقا اللّٰہ انڑ، کمشنر کراچی اقبال میمن اور وزیرِ اعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ شریک ہوئے۔ 

اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے بتایا گیا کہ کے سی آر منصوبہ دوبارہ چین کے حکام کو بھیجا گیا ہے جو امید ہے کہ منظور ہو جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ کے سی آر منصوبہ شہر کی ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہے، سندھ حکومت اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ کے سی آر منصوبے کا دستاویزی کام جلد مکمل کریں اور سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو کو ہدایت کی کہ کے سی آر منصوبے کی اراضی کا مسئلہ جلد حل کریں، انہوں نے ایس ایم بی آر کو بھی ہدایت دی کہ کے سی آر اراضی مسئلہ ایک ہفتے کے اندر حل کر کے رپورٹ پیش کریں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چین کے ساتھ سندھ اور وفاقی حکومت کا کے سی آر پر جوائنٹ ورکنگ گروپ بن جائے گا اور اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللّٰہ کے سی آر منصوبہ جلد منظور کروا کر کام شروع کروائیں گے۔

دہائیوں قبل جاپان کی جانب سے کراچی سرکلر ریلوے کو ازسر نو بنانے کے لیے دلچسپی ظاہر کی گئی تھی، اس سلسلے میں جائیکا کی جانب سے تفصیلی فزیبلٹی رپورٹ بھی جاری کی گئی تھی، جاپان کے ساتھ سالوں تک جاری رہنے والے مذاکرات میں کے سی آر کی تعمیر نو کا اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھ پایا تھا۔ 

چند برس قبل سندھ حکومت نے یہ منصوبہ فزیبلٹی رپورٹ کے ساتھ چین کے حوالے کیا تھا جس پر جاپان کی حکومت کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تاہم بعد ازاں چین نے بھی کے سی آر پر کام کرنے سے معذرت کر دی تھی۔

چند سال قبل اعلیٰ عدلیہ کی کوششوں سے کراچی سرکلر ریلوے کا ایک حصہ جزوی طور پر فعال کیا گیا تھا تاہم روٹ محدود اور ٹرینیں کم ہونے کی وجہ سے شہری اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا پا رہے، اب ایک بار پھر سندھ حکومت کی جانب سے کے سی آر منصوبہ چین سے تعمیر کرانے کا بیان سامنے آیا ہے۔ 

جاپان کی تیار کردہ فزیبلٹی رپورٹ کے مطابق کے سی آر روٹ کی لمبائی 43.2 کلو میٹر ہے۔

قومی خبریں سے مزید