واشنگٹن (اے ایف پی) وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے گزشتہ روز روس کو جوہری ہتھیاروں کی موجودہ حد برقرار رکھنے کی پیشکش کی، اور مستقبل میں ہتھیاروں پر قابو پانے کی کوششوں میں ابھرتی ہوئی طاقت چین کو مرکز بنانے کا کہا۔ واشنگٹن میں نیشنل آرمز کنٹرول ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نےخطاب میں جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے سرد جنگ کے بعد کے جوہری منظر نامے میں کافی اور گہری دراڑوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش کا خاکہ پیش کیا۔جیک سلیوان نے کہا کہ روس کیساتھ امریکا کا ہتھیاروں کے کنٹرول کا معاہدہ نیو اسٹارٹ بڑی حد تک مردہ ہو گیا ہے اور 2026میں ختم ہونے والا ہے،انہوں نے کہا کہ امریکا ایک نیا معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے۔