• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

فواد چوہدری۔۔۔فائل فوٹو
فواد چوہدری۔۔۔فائل فوٹو

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔

وقفے کے بعد بھی وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 جون تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ 

پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

اس سے قبل سماعت کے دوران معاون وکیل نے کہا کہ وکیل فیصل چوہدری سیشن کورٹ اسلام آباد میں مصروف ہیں۔

کمیشن کے ممبر اکرام اللّٰہ خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بھی کورٹ ہے، ہم وکلاء کا انتظار تو نہیں کر سکتے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن 28 فروری سے آج تک 6 سماعتیں کر چکا ہے، فواد چوہدری تاحال اس کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

معاون وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن تھوڑا انتظار کرے، وکیل فیصل چوہدری پیش ہو جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وقفے تک وکیل پیش نہیں ہوتے تو پھر الیکشن کمیشن کارروائی آگے بڑھائے گا، وکیل پیش نہیں ہوتے تو فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید