پشاور ہائیکورٹ نے پُرتشدد مظاہروں کے دوران فائرنگ سے جاں بحق افراد کے معاملے پر ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست خارج کردی۔
پشاور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اور اراکین اسمبلی کی درخواست پر جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسداللّٰہ خان نے سماعت کی۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے کارکن جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
درخواست گزار نے کہا کہ تاحال اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ کون کس کی گولی سے جاں بحق ہوا۔
عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار موقع پر موجود ہی نہیں تھے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عدالت ایف آئی آر منسوخ کرنے کے احکامات جاری کرے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر میں نامزد افراد نے ابھی تک عدالت سے رجوع نہیں کیا، ہائیکورٹ کے پاس اس مرحلے پر مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایف آئی آر منسوخ کرنے کےلیے دائر درخواست خارج کردی۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں تیمور جھگڑا، شوکت خان اور ملک واجد وغیرہ نامزد ہیں۔