مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے 35 سال پرانا تعلق ہے، کراچی کی بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
لاہور میں ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے وفد کے ہمراہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات میں ان کی خیریت دریافت کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے تعلق قائم دائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں مل کر مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں رہی ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ کراچی ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے، اسکی بہتری کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے موقع پر چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔