وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے آئندہ الیکشن کے بعد ن لیگی حکومت کے قیام کا دعویٰ کردیا۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ اس مرتبہ الیکشن کے بعد مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی۔ آئندہ حکومت کے ایک دو سالوں میں ترقیاتی کام مکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو شرم نہیں آتی جو نواز شریف پر کرپشن کے الزام لگاتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا خود نے کرپشن کےلیے فرح گوگی رکھی تھی۔
رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کا ڈرامہ رچایا گیا۔ انہوں نے آ کر ساڑھے 3 سال میں ملک کا اخلاق بگاڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو میرے گھر کو آگ لگانے کے لیے حملہ کیا گیا، سانحہ 9 مئی کے سرغنہ کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کی گئی، نوجوانوں کے والدین جیلوں کے باہر رو رہے ہیں۔ یہ بات کالے بکروں کے صدقوں سے ٹلنے والی نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسے مقدموں کا بھی سامنا کیا، جس کی سزا موت ہے، یہ اب 15 دن جیل کاٹ کر آتے ہیں اور پریس کانفرنس کر کے پی ٹی آئی کو خدا حافظ کہتے ہیں۔
رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ ماتھے پر گولی کھانے کا کہنے والا چوتھے دن پی ٹی آئی کو خدا حافظ کہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست میں اسمبلیاں مدت پوری کریں گی۔ اکتوبر یا نومبر میں الیکشن ہوں گے۔