• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی کے ماسٹر مائنڈ نے سوچا وہ افواج پاکستان کو جھکالے گا، مگرچال الٹی پڑگئی، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ زمان پارک میں چھپے 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ نے سوچا کہ وہ افواج پاکستان کو جھکالے گا، مگر چال الٹی پڑ گئی۔

ملتان کے علاقے شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اب یوٹیوب پر بیٹھ کر انہی سے ملاقاتوں کی بھیک اور معافیاں مانگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خود پر برا وقت آیا تو کارکنوں کو ذمہ دار ٹھہرا کر انہیں بس کے نیچے پھینک دیا۔ 9 مئی کے سانحے سے تکلیف تو بہت ہوئی لیکن اچھا ہوا ملک کا دشمن پہچانا گیا، فتنہ و فساد کا چیپٹر ختم ہوا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اب ترقی کا سفر شروع ہوگا، جو ہاتھ ملک تعمیر کرتے ہیں وہ ملک میں توڑ پھوڑ نہیں کرتے بلکہ توڑ پھوڑ کرنے والوں کو توڑ دیتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے بعد ملک ٹیک آف کرے گا، لیڈر وہ ہوتے ہیں جو بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل میں جاتے ہیں، چھپتے نہیں ہیں۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے یہ بھی کہا کہ وہ کہتا ہے کہ یہ ملک میرے بچوں کے لیے محفوظ نہیں ہے، اس نے نوجوانوں سے لیپ ٹاپ لے کر پیٹرول اور ماچس تھمادی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قوم کے کسی بچے کو 10 سال تو کسی کو 20 سال قید کی سزا ہو رہی ہے، ذرا قاسم اور سلیمان کو بھی کہو کہ ماچس اور پیٹرول سے جلاؤ۔

مریم نواز نے کہا کہ اس نے سوچا 9 مئی کو افواج پاکستان کو جھکالے گا مگر چال الٹی پڑگی، اب یوٹیوب پر بیٹھ کر انہی سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شجاع آباد والو! تمہاری بہن تم سے ملنے آئی ہے، آپ کو نواز شریف کا سلام دیتی ہوں، میں پہلی بار یہاں آئی ہوں جبکہ نواز شریف 7 بار آئے تھے۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لیے چل کر یہاں آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999 میں نواز شریف سے ان کی حکومت چھینی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ درد تو اس کو ہو گا جو ملک کا بیٹا ہوگا، کئی مرتبہ ظلم کیا گیا مگر نواز شریف نے جلاؤ گھیراؤ اور انتشار کی بات نہیں کی بلکہ چھینی ہوئی حکومت واپس چھینی۔

مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف نے ایک بار بھی کہا کہ فلاں چیز کو جلادو یا توڑ دو؟ کیا ن لیگ کی قیادت نے کبھی کہا کہ اپنے ملک کو جلا ڈالو، جو ملک بناتا ہے کیا وہ ملک کو جلا سکتا ہے؟

انہوں نے استفسار کیا کہ جن ہاتھوں نے ایکسپریس ویز بنائے، کیا وہ جلاؤ گھیراؤ کرسکتے ہیں؟ جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے اسپتال اور تعلیمی ادارے قائم کیے ہوں وہ انہیں جلا سکتے ہیں؟

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ اس سے اقتدار ہاتھ سے کیا گیا اصلیت ہی قوم کے سامنے آگئی۔ اقتدار جانے کا صدمہ تھا کہ پورے ملک کو آگ لگادی، 9 مئی کو شہدا کی یادگاریں جلائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو دل خون کے آنسو رو رہا تھا، شہدا پوری قوم کے ہوتے ہیں، شہدا نے ملک کی حفاظت کےلیے اپنی جان دی ہوتی ہے، جس نے شہدا کی توہین کی اسے پاکستانی قوم نہیں چھوڑے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی منصوبے کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہے، جنہوں نےشہدا کی یادگاروں کو جلایا، کیا وہ کسی رحم اور معافی یا رعایت کے مستحق ہیں؟

انہوں نے کہا کہ شہدا کی توہین کرنے والو! قوم تمہارا پیچھا کرے گی اور تمہیں چین سے بیٹھنے نہیں دے گی، جب جرائم کاجواب دینے کاوقت آیا تو کارکنوں کو سامنے پھینک دیا۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ لیڈر اپنے سینے پر مشکلات جھیلتے ہیں، کارکنوں کو آنچ نہیں آنے دیتے، لیڈر اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر آتے ہیں، کارکنوں پر آنچ نہیں آنے دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو غیر محفوظ بنانے والے سب سے بڑے فتنہ و فساد تم ہو، اس شخص نے قوم کے بچوں سے کتابیں، لیپ ٹاپ لے کر ماچس اور پیٹرول بم پکڑا دیے جبکہ اس کے بچے لندن میں آرام سے بیٹھے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ تکبر اور رعونت میں اس شخص نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا، آج ن لیگ کو رلانے والے باجماعت دھاڑے مار مار کر رو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا نظام حرکت میں آکر رہتا ہے، آج جن کو جھکانے نکلا تھا، روز شام کو ان سے ملاقاتوں کی بھیک مانگ رہا ہوتا ہے، تکبر اور غرور کا سر نیچا ہوتا ہے، آج خدا یاد آیا۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ کہتا تھا کہ ن لیگ کو توڑدوں گا، توڑنے کی کوشش بھی کی لیکن پارٹی نواز شریف کے ساتھ مٹھی کی طرح رہی، کوئی ایک بھی ن لیگ چھوڑ کر نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جماعت کو توڑنے والے کا کیا حال ہوا؟ اس کی اپنی جماعت اتنی رہ گئی ہے کہ ایک چنگچی میں بھی پوری آجائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ آج جماعت کا صدر، جنرل سیکریٹری، چیف آرگنائزر، ترجمان اور امیدوار بھی خود ہی ہے، انشاء اللّٰہ اس کو کوئی ووٹ نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نہیں آیا، لیکن شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا۔

انکا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں بھی گریڈ 16 تک کے افسران کی تنخواہوں میں 30 فیصداضافہ کیا اور پینشن بھی بڑھائی۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ زراعت کے لیے پوری دنیا کی ٹیکنالوجی ملک میں لائی جائے، ن لیگ کو موقع ملا تو پنجاب کی نہیں پورے ملک کی تقدیر بدلے گی۔

قومی خبریں سے مزید