پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن آئینی مدت سے آگے بڑھانے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہے مگر سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں تعاون کریں گے، سابق وزیراعظم جنہیں چور کہتا ہے انہیں پوری دنیا پیسہ دینے کیلئے تیار ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی ریاست بنانے کیلئے مہم کا آغاز کیا جائے گا، جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی نظر میں خارجہ پالیسی کا محور پاکستان کا مفاد ہونا چاہیے، جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کر دی، تمام پارٹیوں کے باہمی تعلقات اچھے رہے ہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا ماحول موجود رہے گا۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پچھلی حکومت نے سی پیک منصوبے کو سازش کے تحت منجمد کیا، سی پیک کو عالمی ایجنڈے کے تحت فریز کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت نے چین کی 70 ارب کی سرمایہ کاری کو ڈبویا، اب دوبارہ چین کے ساتھ اعتماد سازی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنوں، لکی مروت اور کرک میں بارشوں کے باعث کافی جانی نقصان ہوا، مرکزی اور صوبائی حکومت میں بارش سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کہا ہے۔