راولپنڈی (جنگ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میو ہسپتال لاہور‘ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد‘ چلڈرن ہسپتال ملتان‘ بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کو ماڈل ہسپتال قرار دیدیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے راولپنڈی کیلئے خصوصی پیکیج منظور کیا ہے۔ گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج ٹیپو روڈ راولپنڈی کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سائرہ مفتی کی سفارش پر پوسٹ گریجویٹ کالج میں خواتین کھلاڑیوں کیلئے آسٹروٹرف بچھانے کیلئے ساڑھے تیرہ کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ رحیم آباد سے ٹیپو روڈ تک کی سنگل سڑک کو چار رویہ شاہراہ بنانے کیلئے فنڈز نئے سال کے مالی بجٹ میں رکھ دیئے گئے ہیں۔ ہولی فیملی ہسپتال سیٹلائٹ ٹائون‘ بینظیر بھٹو ہسپتال مری روڈ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال فوارہ چوک کے میڈیکل فضلے کو تلف کرنے کیلئے جدید ترین برن یونٹ کی تنصیب کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ تمام پروجیکٹ یکم جولائی 2016ء سے 30جون 2017ء تک مکمل کرنے کی ہدایت میاں شہباز شریف نے دی ہے۔ ان امور کا انکشاف راولپنڈی کے سابق ایم این اے حنیف عباسی نے گزشتہ شام لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے فوری بعد جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے دوران راولپنڈی کے لاکھوں شہریوں کی فلاح و بہبود کے بہت سے پروجیکٹوں پر غور جاری ہے جن کیلئے وزیراعلیٰ 30جون تک اربوں روپے کے فنڈز جاری کرینگے۔