• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ کے راستے ہم نے تختہ الٹا، دنیا کو تمہاری حقیقت بتائی، فضل الرحمان

حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے پارلیمنٹ کے راستے آپ کا تختہ الٹا ہے، کسی اور پر الزام نہ لگاؤ۔

ڈیرہ اسماعیل (ڈی آئی) خان میں تقریب سے خطاب میں مولانا فضل الرحما ن نے کہا کہ آپ نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، تم نے چکدرہ کےقلعے پر حملہ کیا، لوگوں پر گولیاں چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کےخلاف جو پہلے دن آواز بلند کی تھی وہ صحیح نکلی، ہم نے بھی بڑے بڑے تاریخی جلسے کیے اور دنیا کو تمہاری حقیقت بتادی۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ میں نے پریس کانفرنس میں ان تمام شخصیات کا نام لیا، ایک شخص نے تعمیر و ترقی کے منصوبے کو روکا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ایجنٹ تمہاری حمایت کر رہے ہیں، 2018 کے دھاندلی کے الیکشن کے سرپرست کا ہمیں معلوم ہے، آج یہ لوگ بلوں میں چھپے ہوئے ہیں۔

فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پورے ملک میں مظاہرے، جلسے کیے، لیکن پُرامن کیے، گملا بھی نہیں ٹوٹا، چند روز پہلے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا، ہم نے عدالتِ عظمیٰ کے گملوں کا بھی خیال رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کی عزت، وقار اور ناموس اور حدود کو بھی سمجھا ہے، آپ احتجاج کےلیے نکلے اور آپ نے ریاست پر حملہ کیا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ آپ نے کورکمانڈر کے گھروں پر حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ کیا، آپ نے شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک صرف سڑک کا نام نہیں یہ تجارتی شاہراہ ہے، اقتصادی راستے کے ساتھ یہاں پر ایک انڈسٹریل ایریا بنے گا اور نیا شہر آباد ہوگا، ہم یہاں ایک ریجنل کارگو ایئرپورٹ بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید