وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) میں یونان کشتی حادثہ کیس میں کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ ہونے والے ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ساجد محمود نے یونان کشتی حادثے کے ایک متاثرہ شخص کو یورپ بھجوانے کیلئے پیسے بٹورے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف اس سے قبل لیبیا کشتی حادثے کے حوالے سے بھی مقدمہ درج تھا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کو گزشتہ روز آذربائیجان فرار کی کوشش میں کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق منڈی بہاؤالدین کا رہائشی ملزم پچھلے ایک ماہ سے روپوش تھا۔
ایف آئی اے ترجمان نے کشتی حادثہ کیس میں ایک اور ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ ملزم وقاص نے متاثرہ شہری کو یورپ بھجوانے کےلیے پیسے وصول کیے۔
ترجمان کے مطابق وزیرآباد سے تعلق رکھنے والے ملزم وقاص نے متاثرہ شخص سے 23 لاکھ روپے وصول کئے، جس کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔