• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں 260 ملی میٹر بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں

لاہور میں مسلسل 6 گھنٹے تک موسلا دھار بارش کے بعد جل تھل ایک ہوگیا، لکشمی چوک اور کلمہ چوک سمیت اہم چوراہے اور شاہراہیں تالاب بن گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 260 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک پر 256، پانی والا تالاب 254 اور گلشن راوی میں 236  ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 لاہور کے پوش علاقے گلبرگ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

شدید بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے، لکشمی چوک، بھاٹی گیٹ، ڈیوس روڈ اور صحافی کالونی کے سامنے کینال روڈ سمیت کئی دیگر سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس سے ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 30 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے، عیدالاضحیٰ پر بھی موسم بہتر رہے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں سیلابی صورتحال اور شہریوں کی پریشانی کا نوٹس لیتے ہوئے 24  گھنٹے میں نکاسی آب کے انتظامات کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور متبادل راستوں کی بروقت نشان دہی یقینی بنائی جائے۔

قومی خبریں سے مزید