• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کو اچھی خبر ملے گی، آئی ایم ایف کیساتھ معاملات طے ہوجائیں گے، اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے ہوجائیں گے، اگلے ایک دو دن اہم ہیں، امید ہے قوم کو اچھی خبر ملے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نویں ریویو کو مکمل کرنے کی مکمل کوشش کر رہے ہیں، قوم کو خوشخبری ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی ہے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ تھا اور ہے، ہم آمدنی سے زائد خرچ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چار، پانچ سال میں روپے کا بیڑا غرق ہوا، پچھلے پانچ سال میں قرضے دگنا ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود بڑھانے کی آئی ایم ایف کی شرط پوری کر دی ہے، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے معاہدے پورے نہیں کیے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے مراعات کے بل کو منی بل کا حصہ نہیں بنایا، مسلم لیگ (ن) کا اصولی فیصلہ ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے مراعات کے بل کو سپورٹ نہیں کریں گے، اس مراعات کے بل کو قومی اسمبلی سے پاس نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع میں اخراجات کم کرنے کی گنجائش نہیں، سول سروسز کے اخراجات میں کچھ کمی کی گنجائش ہے، حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کیے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ این ایف سی کے حصے نے بھی وفاقی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے، وفاقی حکومت کے پاس گنجائش نہیں ہے، ہمیں نئے این ایف سی میں کوئی گنجائش نکالنا پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے میثاق معیشت کرنا پڑے گا، ہم سب کو خوشی سے ملک کیلئے قربانی دینی چاہیے، مشکل حالات ہیں، سب جانتے ہیں ہم کن حالات سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو لاکھ سے اوپر تنخواہ داروں پر ٹیکس میں ڈھائی فیصد اضافہ ہوا ہے، دو لاکھ سے نیچے کے سلیبس پر کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے ججز کی بنیادی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی سمری بھیج دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر بہت بوجھ ہے، اس لیے تنخواہوں میں اضافہ کیا، تنخواہ دار طبقے کیلئے ہم جو کچھ کرسکتے ہیں ہم نے کیا، اس طبقے پر لگنے والے ٹیکس سے 15 ارب روپے کا ریونیو جنریٹ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بَلک اسٹوریج فیسیلیٹی کی پالیسی جلد حتمی شکل میں آجائے گی، وزیر مملکت مصدق ملک بَلک اسٹوریج فیسیلیٹی پالیسی کے بارے میں کل آگاہ کریں گے۔

سول ایوی ایشن کے قوانین میں ترمیم کے بعد ستمبر میں برطانیہ کی پروازیں شروع ہوجائیں گی، پُر امید ہوں کہ جولائی میں بین الاقوامی ضوابط کے مطابق سول ایوی ایشن کے قوانین میں ترمیم ہوجائے گی۔

یورپ اور امریکا کی پروازیں بند ہونے سے 71 ارب روپے کا سالانہ نقصان ہوا، اسلام آباد ایئرپورٹ کو لیز پر نہیں دےرہے، آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید