پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اسد مجید خان نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورۂ جاپان سے قبل جاپانی حکومت کے اعلیٰ ترین عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
موجودہ عالمی حالات، پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور عالمی حالات کے باعث وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورۂ جاپان انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے اپنے دورۂ جاپان کے پہلے مرحلے میں اپنے جاپانی ہم منصب شیگیو یامادا Shigeo Yamada سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں حکام نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ سیاسی تعلقات کا جائزہ لیا اور اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔
مذاکرات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
علاوہ ازیں سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے جاپان کے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ تاکیئی شن سوکے Takei Shunsuke اور جاپان کے قومی سلامتی کے مشیر تاکیو اکیبا Takeo Akiba سے بھی ملاقاتیں کی۔
اس موقع پر انہوں نے جاپان پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شن ایمائزومی Shim Imauzumi سے بھی ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں کا حصہ رہنے والے سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کی جاپانی حکام سے ملاقاتیں بہترین رہیں اور یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ جاپانی حکومت پاکستانی وزیرِ خارجہ کے دورۂ جاپان کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر انتہائی مثبت نتائج مرتب ہوں گے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی گرم جوشی پیدا ہو گی۔