• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’تیری میری کہانیاں‘ عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بن گئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے نجی سنیما گھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’تیری میری کہانیاں‘کے شاندار پریمیئر کی تقریب منعقد ہوئی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں سے سجی کہکشاں میں شائقین فلم کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

سی پرائم پروڈکشنز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی 3 بامقصد کہانیوں پر مبنی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ میں جہاں سلور اسکرین کے تجربے کار فنکار نظر آئے وہیں کئی فنکاروں نے ڈیبو بھی کیا، جن میں اداکارہ حرامانی اور اداکار وہاج علی نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔

اس کے علاوہ اداکارہ و ہدایت کار مرینہ خان نے ’پسوڑی‘ کی ہدایت کاری سے اور سی پرائم پروڈکشنز نے اس فلم سے لالی ووڈ میں انٹری دی۔

فلم ’تیری میری کہانیاں‘ ایک انتھولوجی فلم ہے جو 3 بامقصد فلموں ’جن محل‘، ’پسوڑی‘ اور ’ایک سو تیئسواں‘ پر مشتمل ہے, جو مختلف اسٹائل کا حسین امتزاج ہے، جو ہارر سے لے کر رومانوی فلموں کے شوقین فلم بینوں کے لیے ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔

پریمیئر کی تقریب میں شریک چند فنکار
پریمیئر کی تقریب میں شریک چند فنکار

نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ’جن محل‘ ایک ہارر کامیڈی ہے، جس کی اسٹار کاسٹ میں سلمان شیخ (مانی)، حرا مانی، گل رانا جبکہ چائلڈ آرٹسٹ خوشی ماہین، فلک شہزاد اور نوید مصود خان شامل ہیں جبکہ اس کی کہانی علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے تحریر کی ہے۔

واسع چوہدری کی تحریر کردہ اور مرینہ خان کی ہدایت کاری میں ننے والی فلم ’پسوڑی‘ اس فلم کی دوسری کہانی ہے جو اداکارہ رمشا خان اور اداکار شہریار منور کے گرد گھومتی ہے، فلم کا مقصد شادی کو لڑکیوں کے پیروں کی بیڑیاں بنانے کی بجائے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دینا ہے۔

پریمیئر کی تقریب میں شریک چند فنکار
پریمیئر کی تقریب میں شریک چند فنکار

جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے ہیرو ’وہاج علی‘ کی ڈیبیو فلم ’ایک سو تیئسواں‘ ہے، جس میں ان کے مدمقابل اداکارہ مہوش حیات ہیں، اس فلم کی کہانی  خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی اور ہدایت کار ندیم بیگ نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں سے اس میں جان ڈال دی۔

فلم کے پریمیئر کی تقریب میں اسٹار کاسٹ کے ساتھ ہمایوں سعید، ثمینہ ہمایو، عدنان صدیقی، سائرہ یوسف، یمنیٰ زیدی، شہروز سبزواری ، صدف کنول، عدنان شاہ ٹیپو، قدسیہ علی سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید