امریکی اداکارہ اور فلم ساز انجلینا جولی نے حال ہی میں اپنے بریسٹ کینسر سے متعلق سفر پر کھل کر بات کرتے ہوئے خواتین میں آگاہی پھیلانے پر زور دیا ہے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں پہلی بار دنیا کے سامنے اپنے ماسٹیکٹومی کے نشانات دکھائے۔ انجلینا جولی نے 2013 میں کیے گئے احتیاطی طبی عمل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نشانات بہت سی خواتین کے ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا جب میں دوسری خواتین کو اپنے نشانات کے بارے میں بات کرتے دیکھتی ہوں تو مجھے ہمیشہ گہرا اثر محسوس ہوتا ہے۔
انجلینا جولی نے وضاحت کی کہ میں چاہتی تھی کہ خواتین اس آگاہی مہم کا حصہ بنیں۔
انٹرویو میں انجلینا جولی نے بتایا کہ میں نے اپنی صحت سے متعلق خبریں عوام کے ساتھ صرف ایک مقصد کے تحت شیئر کیں، میں دوسری خواتین کو کینسر اسکریننگ کروانے کی ترغیب دینا چاہتی ہوں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکریننگ اور علاج تک رسائی کا انحصار کسی کے مالی وسائل یا رہائش کی جگہ پر نہیں ہونا چاہیے، مشکلات، بیماریاں اور درد ہماری زندگی کا حصہ ہیں، لیکن اصل بات یہ ہے کہ ہم ان کا سامنا کس طرح کرتے ہیں۔