وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ جمہوری احتجاج کے نام پر فوجی تنصیبات پر حملوں کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
جاپان میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہیں۔ پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں لیکن کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کےلیے جدوجہد کی ہے۔ جاپان میں رہنے والے پاکستان کے مفاد میں نیک نیتی کے ساتھ خدمات انجام دیں، پاکستان جاپان کے ساتھ بہترین معاشی تعلقات کا خواہاں ہے۔
پاکستان اور جاپان کے تعلقات کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ بہترین معاشی تعلقات کا خواہاں ہے اور ہم جاپان کو افرادی قوت کی برآمد کرکے پاکستانیوں کے لیے باعزت روزگار چاہتے ہیں، جاپان میں افرادی قوت کے سیکٹر میں بہت گنجائش ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام خاص کر کہ نوجوان اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس دورے کا مقصد یہ ہے کہ ہم ہر طریقے سے پاکستان کے عوام کیلئے اور جاپان میں جاپان کے عوام کیلئے دو طرفہ تعلقا ت اور معاشی تعلقات میں اضافہ کر کے ایک دوسرے کے عوام کو فائدہ پہنچائیں۔
دوست ممالک کے ساتھ تعلقات پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں یہی بہتر ہے کہ ہم کسی بھی قسم کی بلاک سیاست کا حصہ نہ بنیں اور ہم کسی ایک کے ساتھ تعلقات کر کے نہ رہ جائیں بلکہ سب کے ساتھ تعلقات رکھنا چاہییں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈوکیٹ نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی گزر جانے والی سالگرہ کا کیک بلاول بھٹو زرداری سے کٹوایا ، اور بلاول بھٹو زرداری کے دورے کو پاکستان اور جاپان کے درمیان تاریخی دورہ قرار دیا ہے۔