پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عام آدمی کی زندگی اجیرن ہے اور حکمران دبئی میں بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ فیصلے عوام کو کرنے ہیں یا انہوں نے آپس میں بندر بانٹ کرنی ہے؟ یہ فیصلہ عوام کریں گے کون کہاں حکومت کرے گا۔
اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن ہو جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کیا گیا معاہدہ عوام کے سامنے لایا جائے، بلاول، احسن اقبال اسمبلی میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی مخالفت کرتے تھے۔