• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کےالیکشن لڑنے پر پابندی ختم ہوچکی، اسحاق ڈار

فوٹو فائل
فوٹو فائل

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف کے الیکشن لڑنے پر پابندی ختم ہوچکی، نئے قانون کے تحت اب وہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف امارات سے عمرہ کرنے سعودی عرب جارہے ہیں، جس کے بعد وہ انگلینڈ جائیں گے، پارٹی جب کہے گی نواز شریف انگلینڈ سے پاکستان آئیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نواز شریف پر وہی کیس تھا جس میں مریم نواز بری ہوچکیں، اب نواز شریف بھی بری ہو جائیں گے، جو معیشت 2013  میں ڈیفالٹ کے قریب تھی اسے نواز شریف نے 2017 میں دنیا کی چوبیسویں بڑی معیشت بنا دیا، ہمیں ان کی لیڈرشپ کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ کے تحت پاکستان کو جولائی میں 1.1 ارب ڈالرز ملیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد دوست ممالک اور امداد دینے والے دیگر اداروں سے جولائی میں 5.6 ارب ڈالرز موصول ہوں گے، دسمبر تک بیرونی فنانسنگ کا انتظام کر لیا ہے، نئی حکومت کو پیسوں کے انتظام میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ8 ماہ بہت مشکل گزرے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوتا نظر آرہا ہے، اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ 9 ماہ کیلئے طے ہوا ہے، 9 واں ریویو اگر تین جون تک ہوجاتا تو ہمیں وہ پیسے ملنے تھے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ چینی اور امریکی سفیر سے بھی ملاقات ہوتی رہی ہے، اس معاہدے کے تحت ہم نے 5.6 بلین ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل کرنی ہے، ورلڈ بینک کا تین سال سے لٹکا ہوا پروگرام ہم نے مکمل کیا۔

قومی خبریں سے مزید