190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی میں پیش ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ اپنے ساتھ دستاویزات بھی لائے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے پوچھ گچھ شروع ہوگئی۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں ضمانت میں توسیع کردی۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت میں سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا تھا کہ آج نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو طلب کر رکھا ہے، آج پہلی بار نیب نے دونوں کو ایک ہی دن طلب کیا ہے۔
جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو نیب نے 4 نوٹسز جاری کیے، پہلے 3 نوٹسز پر تو وہ پیش نہ ہوئیں، آج پتہ نہیں کہ وہ پیش ہوتی ہیں یا نہیں؟
خواجہ حارث نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے نیب کے تمام نوٹسز کے جواب دیے ہیں، ان کی جانب سے یہی کہا گیا ہے کہ شوہر کے ساتھ پیش ہوں گی، ہم نے کبھی شاملِ تفتیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔