کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں نوزائیدہ بچے کی لاش ملنے پر پہلا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے گزشتہ روز نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملنے پر مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش اسپتال منتقل کرکے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے نمونے لے لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 328 اور 329 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
جرم ثابت ہونے پر 2 سے 5 سال تک قید و جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ مقدمے میں کم عمر بچوں کو والدین کی جانب سے چھوڑنے، پیدائش اور موت کو خفیہ رکھ کر لاش کو ٹھکانے لگانے کی دفعات شامل ہیں۔