سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مسئلے حل ہوگئے، ڈیفالٹ کا خطرہ اب ختم ہوگیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے نئے معاہدے پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت سے متعلق بے یقینی کے جو خدشات تھے اب نہیں رہے، اس حکومت نے اپنا کام کرلیا، اگلی حکومت کو بھی کام کرنا ہوگا۔
سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت ایک سال کی تاخیر کے بعد آئی ایم ایف پروگرام میں گئی تھی، نئی حکومت کو فوراً 3 سال کے لیے آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کےلیے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا ذاتی اثاثہ لگایا ہے، اتنی مرتبہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملنا، فون کرنا، اگر یہ نہیں ہوتا تو شرمندگی ہوتی، آج جب یہ ہوگیا شہباز شریف ہیرو بن گئے تو ملک بھی بچ گیا۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ سے بھی ایکسپورٹ پر فرق پڑتاہے، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف میں جانے میں ایک سال لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ نیپرا اور اوگرا کے قوانین فالو کریں، پوری دنیا میں نجکاری ہوتی ہے لیکن 460 دن لمبا پروسس نہیں ہوتا۔