لاہور میں آج ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہیں، مصری شاہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔
چونگی امر سدھو میں بجلی کا تار پانی میں گرنے کے بعد کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوا ہے، جبکہ باغبان پورہ میں کھمبے میں کرنٹ آنے سے نوجوان احتشام جاں بحق ہوا ہے۔
ہنجر وال میں بھی 11 سالہ بچہ پانی میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا ہے۔
علی الصبح سے جاری موسلا دھار بارش نے لاہور میں جل تھل ایک کر دیا، متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ لکشمی چوک میں اب تک 259 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے لاہور میں کرنٹ لگنے کے واقعات کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ لیسکو کا کہنا ہے کہ لاہور کے بیشتر فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ جن مقامات پر درخت اور پول گرے وہاں کام جاری ہے، بارش سے سرکل 1، 3 اور 5 زیادہ متاثر ہوئے تھے۔