• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں موسلا دھاربارش و آندھی کی پیشگوئی، CAA کے ہنگامی اقدامات

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی میں موسلا دھار بارش اور آندھی کی پیش گوئی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی اقدامات کے احکامات جاری کیے ہیں۔

کراچی میں بارش کے دوران تند و تیز ہوائیں 60 کلو میٹر اور اس سے زیادہ تیز رفتار سے چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے شعبۂ ایئر سائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

سی اے اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو کہا گیا ہے کہ ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

رن ویز اور ٹارمک ایریا میں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو بھی حساس مقامات سے حتی الامکان دور کیا جائے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران مختلف قسم کے حشرات الارض کے خاتمے کے لیے اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔

سی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جہازوں سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے جائیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایئر فلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اور اطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کارکردگی کو یقینی بنایا جائے۔

سی اے اے نے احکامات جاری کیے ہیں کہ بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لیے رن وے کی رگڑ اور بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ بین الاقوامی اور ملکی سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہتر بہاؤ ممکن بنایا جائے۔

سی اے اے کی جانب سے رن ویز کے اطراف میں ہر قسم کے گڑھوں کو بھرنے کا کام فوری مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، فالو می وین کو کسی بھی ہنگامی حالات کے دوران مکمل متحرک رکھنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید