گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ناراض 4 ارکان کا گروپ سامنے آ گیا۔
سابق وزیرِ خزانہ جی بی جاوید منوا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب میں کلیدی کردار ہمارے گروپ کا ہو گا۔
جاوید منوا کا کہنا ہے کہ جی بی میں فلور کراسنگ کا قانون لاگو نہیں ہوتا، ہمارے گروپ میں اسپیکر نذیر احمد، سینئر وزیر راجہ زکریا اور فتح اللّٰہ خان شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں پر ہمیشہ کھل کر اختلاف کیا، پی ٹی آئی کے مزید ارکان کو ناراض گروپ میں لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
سابق وزیرِ خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ فارورڈ بلاک سے فی الحال کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم اپیلٹ کورٹ نے گلگت بلتستان کے نئے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔
اسپیکر اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کا نیا شیڈول سپریم اپیلٹ کورٹ میں پیش کیا تھا جسے عدالت نے منظور کر لیا۔