لاہور،بھکر ( نیوز رپورٹر،کرائم رپورٹر،جنرل رپورٹر) پنجاب کے بالائی علاقوں ،کشمیر اور شمالی علاقوں میں مختلف مقامات پر پری مون سون کی بارشیں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگئی۔ لاہور ،بھکر میں چھتیں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 8افراد جا ں بحق ،6زخمی ہو گئے۔محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت بالائی پنجاب اور کشمیر میں آج اور کل مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ سندھ اور بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ۔لاہور اور بالائی پنجاب میں منگل کی صبح گہرے بادل چھا گئے تاہم تیز ہوائوں نے یہ بادل اڑا دئیے تاہم دو گھنٹے بعد دوبارہ گہرے بادلوں کی آمد ہوئی۔ بادل اس قدر گہرے تھے کہ اندھیرا چھا گیا ۔ جس کے بعد ہلکی بارش شروع ہوگئی ۔ آہستہ آہستہ یہ ہلکی بارش موسلادار بارش میں تبدیل ہوگئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں 1سے10ملی میٹر تک بارش ریکارڈکی گئی۔بارش کے بعد تمام دن شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34اور کم سے کم 28سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 55فیصد رہا۔ لاہور کے علاوہ راولپنڈی میں33، سیالکوٹ 32، جہلم 24، منڈی بہائو الدین 19، گجرات 17، مری 14، اسلام آباد 14، منگلا 11، سرگودہا10، گوجرانوالہ 3، گڑھی ڈوپٹہ31، راولاکوٹ 27، کوٹلی12، مالم جبہ 10، میر خانی 6، کاکول اور پارا چنار 5، بالاکوٹ4، دروش 2ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔ بالائی پنجاب کے برعکس جنوبی و وسطی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ فیصل آباد 40، ملتان 44،جھنگ 43سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈکیا گیا۔ ملک کا گرم ترین مقام 50سنٹی گریڈ کے ساتھ سبی رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون ہوائوں کا اثر بالائی پنجاب ، کشمیر اور شمالی علاقوں پر ہے۔ جس کی وجہ سے آج بھی لاہور سمیت بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں ، کشمیر اور شمالی علاقوں میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔ جس کی وجہ سے حبس کی شدت میں آئندہ دنوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ لاہور میں مصطفی ٹائون کے علاقہ اعظم گارڈن میں تیز بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں محنت کش محمد ریاض کی والدہ منظوراں بی بی ،بیوی شمع بی بی اور جڑواں بیٹا بیٹی بلال اور حاجرہ شامل ہیں۔ محمد ریاض گدھا گاڑی چلاتا ہےنے کسی شخص کے پلاٹ میں عارضی طور پر گارڈر ٹی آئرن اور بالوں پر مٹی ڈال کر ایک کمرہ بنایا ہوا تھا اس کے تھوڑے فاصلہ پر اس کا بھائی حسنین بھی رہتا تھا۔ ریاض حسب معمول محنت مزدوری کیلئے باہر چلا گیا اس کی بہن اور بھابی بچوں کے ہمراہ والدہ منظوراں بی بی کو ملنے ریاض کے گھر آئے ہوئے تھے کہ اچانک تیز بارش شروع ہو گئی تمام افراد کمرہ میں چلے گئے کہ اچانک چھت دھماکہ سے گر گئی اور تمام افراد ملبہ تلے دب گئے۔ دھماکہ کی آواز سن کر اردگرد کے لوگ پہنچ گئے جنہوں نے ملبہ تلے دبے افراد کو باہر نکالا۔ تاہم جڑواں بہن بھائی بلال ،حاجرہ منظوراں بی بی اور شمع بی بی موقع پر جاں بحق جبکہ مہمان آئی ہوئی ریاض کی سالی 30 سالہ شمع بی بی ،بھابی 36 سالہ حفیظاں بی بی اور ان کے بچے 7 سالہ غلام فاطمہ، 3 سالہ زینب 3 سالہ مریم اور 2سالہ احمد زخمی ہو گئے۔ جنہیں جناح ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ شہباز شریف نے اعظم گارڈن لاہور میں بارش سے گھر کی چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 5،5لاکھ کی مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چھت گرنے کے باعث زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ جلالپوربھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق جلالپوربھٹیاں کا رہائشی عمر جو کالیکی منڈی میں دیوار بنا رہا تھا کہ اچانک آندھی چلنے کے باعث دیوار اس کے اوپر گر گئی جس کی وجہ سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔بھکر کی تحصیل دریا خان میں مسلسل ایک گھنٹہ طوفانی بارش کے باعث نواحی علاقہ تھلہ نون میں محبوب نامی نوجوان بھٹہ مزدور ، دلے والا میں خاتون ،منکیرہ میں 8 سالہ منتظر نامی بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ 7افراد زخمی ہو گئے۔