پاکستانی خوبرو فلم و ٹی وی اداکارہ حمیمہ ملک نے اپنے بھائی، اداکار فیروز خان کی ناکام شادی سے متعلق خود پر لگنے والے الزامات پر پہلی بار جواب دیا ہے۔
گزشتہ روز اداکار فیروز خان نے اپنی 33ویں سالگرہ منائی۔
اداکار کا اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نئی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتانا تھا کہ آج اُن کی سالگرہ ہے اور پھر بھی وہ اپنی آنے والی نئی فلم ’اکھارا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ حمیمہ ملک نے اپنے بھائی کے لیے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے ایک لمبے چوڑے نوٹ میں اپنے چھوٹے بھائی کو سالگرہ کے موقع پر خوب دعائیں دیں اور اُن کی آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حمیمہ ملک کی اس پوسٹ پر ایک انسٹاگرام صارف نے فیروز خان اور علیزا سلطان کی شادی ٹوٹنے کی وجہ اداکارہ کو قرار دے دیا۔
صارف کا لکھنا تھا کہ ’میری نندیں بھی اس (حمیمہ) جیسی ہیں، وہ میاں بیوی ایک دوسرے کو وقت نہیں دینے دیتیں۔‘
صارف نے حمیمہ ملک کی ناکام شادی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ناکام شادی شدہ زندگی گزارنے والی خواتین، خواہ وہ ماں ہوں یا بہنیں، صرف اپنے بھائیوں پر انحصار کرتی ہیں۔‘
اس کے کمنٹ کے جواب میں حمیمہ ملک پھٹ پڑیں، حمیمہ کا صارف کو مخاطب کرتے ہوئے لکھنا تھا کہ ’میں نند نہیں اُن کی دوست تھی اور وہ میری بہن ہے۔۔۔ میرے بھائی کے بچوں کی ماں ہے تو براہ کرم ہمارا اپنی نندوں کے ساتھ موازنہ نہ کریں۔‘
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان کی بہنوں، اداکارہ حمیمہ اور دعا کے لیے سوشل میڈیا پر ایسے کمنٹس آتے رہتے ہیں کہ انہوں نے بیچ بچاؤ کر کے بھائی کا گھر ٹوٹنے سے کیوں نہیں بچایا مگر یہ پہلی بار ہوا ہے کہ حمیمہ ملک نے ایسے منفی تبصروں پر جواب دیا ہے۔