پاکستانی معروف اداکار گوہر رشید نے سوشل میڈیا پر نئی ویڈیو پوسٹ کر کے 2025ء میں کسی نئے باب کے آغاز کی جانب اشارہ کیا ہے۔
اداکار مرزا گوہر رشید نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بسم اللّٰہ 2025ء لکھا ہے اور ساتھ میں بتایا ہے کہ کسی ایونٹ کے لیے تیاریوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
گوہر رشید کی ویڈیو میں شوبز انڈسٹری کے معروف ناموں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جن میں اداکارہ کبریٰ خان سرِ فہرست ہیں۔
ویڈیو میں ہدایت کارہ و پروڈیوسر شازیہ وجاہت، وجاہت رؤف، عاشر وجاہت، اذان سمیع خان، مومل شیخ اور گوہر رشید کے دیگر دوست موجود ہیں۔
اداکار کی ویڈیو دیکھ کر کمنٹ باکس میں صارفین کا کہنا ہے کہ گوہر رشید اپنی قریبی دوست کبریٰ خان کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے متعدد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مرزا گوہر رشید اور کبریٰ خان کی کراچی میں شادی کی تیاریاں جاری ہیں اور یہ ویڈیو اسی تقریب کا سلسلہ ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی نہایت دھوم دھام سے ہو گی جبکہ اسی سلسلے میں گزشتہ رات فنکاروں نے ڈانس پریکٹس بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید عرصۂ دراز سے ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں، اس جوڑی کی متعدد بار شادی کی افواہیں بھی زیرِ گردش رہی ہیں۔