گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ گلبر خان پولیس کو مطلوب نکلے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نو منتخب وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان پر مردان میں ایف آئی آر درج ہے، ان پر 24 لاکھ کے جعلی چیکس کا مقدمہ تھانا پار ہوتی میں درج ہے۔
پولیس کے مطابق گلبر خان کے خلاف ایف آئی آر 9 فروری 2015 کو درج کی گئی، سینیٹر فیصل سلیم الرحمان نے گلبرخان پر ایف آئی آر درج کروائی ہے۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق ملزم نے فیصل سلیم الرحمان کو 12، 12 لاکھ روپے کے 2 چیکس دیے، دونوں چیکس تیسری مرتبہ بھی متعلقہ بینک سے کیش نہیں ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ مردان نے نومبر 2016 میں گلبر خان کے وارنٹ جاری کیے۔
دوسری جانب گلبر خان نے کیس کو اپنے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بدنام کرنے کیلئے جعلی چیکس کا معاملہ کھڑا کیا گیا ہے۔
گلبر خان کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کا لین دین ہوا، ہو سکتا ہے کوئی چیک غلطی سے رہ گیا ہو۔