پشاور کے علاقے حیات آباد میں ہوئے خودکش دھماکے سے متعلق بم ڈسپوزل یونٹ نے تحقیقات مکمل کرلیں۔
بم ڈسپوزل یونٹ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 20 سے 25 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، باروی مواد گاڑی کی سی این جی ٹینکی میں رکھا گیا تھا۔
بم ڈسپوزل یونٹ نے بتایا کہ دھماکے میں خود کش جیکٹ استعمال نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے خودکش حملہ آور کے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے، خودکش حملہ آور کی شناخت کے لیے نادرا کے عملے کو بلایا گیا۔
نادرا کی ٹیم نے خودکش حملہ آور کے فنگر پرنٹ اور چہرے کی تصاویر لیں، پولیس نے نادرا ٹیم سے جلد رپورٹ پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔
خیال رہے کہ حیات آباد میں ہونے والے خودکش حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ایف سی کی گاڑی پر ہونے والے اس حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔