پشاور کے علاقے حیات آباد میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کینٹ وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ حیات آباد میں خودکش حملہ آور نے گاڑی ایف سی کی گاڑی سے ٹکرائی۔ جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز پشاور کے مطابق خودکش حملے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی سے خودکش حملہ آور کے اعضا ملے ہیں۔