• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستمبر 2022 میں اعظم خان کی آڈیو سامنے آئی تھی


کئی دن سے لاپتہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق بیان عدالت میں ریکارڈ کروادیا ہے، ستمبر 2022 میں ان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ گفتگو کی ایک آڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

آڈیو میں سابق پرنسپل سیکریٹری اور اس وقت کے وزیراعظم سائفر کو سفارتی دھمکی میں بدلنے کا طریقہ تجویز کرتے ہوئے سُنائی دیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے اپنا بیان 164  کے تحت مجسٹریٹ کو ریکارڈ کروایا ہے، اعظم خان نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف بیان ریکارڈ کروایا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیان میں اعظم خان نے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے سائفر ڈرامہ رچایا گیا، اعظم خان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کیلئے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا گیا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اعظم خان کا بیان ان کی لیکڈ آڈیو کی تصدیق ہے، سائفر ڈرامے کے جرم میں شاہ محمود قریشی بھی پوری طرح شریک ہیں۔

راناثناء نے بتایا کہ اعظم خان کے منع کرنے کے باوجود سابق وزیراعظم نےخفیہ دستاویز پبلک کی، سائفر گم نہیں ہوا وہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس ہے، انہیں گرفتار کرکے سائفر برآمد کرنا ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید