لندن سے چوری کیے جانے کے بعد کراچی سے برآمد ہونے والی 35 کروڑ روپے مالیت کی بینٹلے مولسین وی 8 کار بلغاریہ کے سفارت خانے کے سپرد کی جائے گی۔
کسٹمز ایپلیکنٹ ٹربیونل نے سفارت خانے کے تحریری انکار کی صورت میں گاڑی وزارت خارجہ کے سپرد کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔
دستیاب فیصلے کی کاپی میں گاڑی سفارتخانے یا وزارت خارجہ کے سپرد کیے جانے کے لیے برطانوی ایجنسی اور سینٹرل نیشنل بیورو کے علم میں لانا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
کسٹم اپیلنٹ ٹریبونل کراچی نے حوالگی کا حکم مقدمے میں نامزد افراد کی کسٹم اپیل مسترد کرتے ہوئے جاری کیا۔
گاڑی کسی بھی صورت چوری کرکے پاکستان منتقل کرنے والوں کے حوالے نہ کی جائے، بیش قیمت بینٹلے کار ستمبر 2020 میں برطانوی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر ڈیفنس فیز 2 کے بنگلے سے برآمد کی گئی تھی۔
برطانوی خفیہ ایجنسی کے مطابق کار لندن سے چوری کے بعد کراچی منتقل کی گئی۔
مقدمے میں نامزد ملزمان کے مطابق گاڑی بلغاریہ کے سفارت خانے کے نام پر منتقل کی گئی تھی۔
برآمدگی کے وقت گاڑی پر کراچی کی رجسٹریشن نمبر پر مبنی پلیٹ موجود تھی، بنگلے کا مالک طلبی پر دستاویزات فراہم کرنے سے قاصر رہا، محکمے کی ویب سائٹ کے مطابق گاڑی محکمہ موٹر رجسٹریشن ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں رجسٹرڈ تھی۔
خلاف قانون رجسٹریشن کے لیے وزارت خارجہ کی اجازت پاکستان کسٹمز کا این او سی اور ٹیکس و ڈیوٹی کی ادائیگی کی رسیدیں بھی جمع نہیں کرائی گئیں۔