پشاور میں تھانہ سربند ریاض شہید چوکی پر 8 دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ایس پی کینٹ وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر چوکی کے قریب آرہے تھے، پولیس کے الرٹ ہونےکی وجہ سے دہشت گرد قریب پہنچنے میں ناکام ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی الرٹ اور بروقت جوابی فائرنگ سے دہشت گرد حملے کو پسپا کردیا، جدید آلات کی مدد سے شدت پسندوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا گیا۔
دہشت گردوں نے اس سے قبل 7 جون کو بھی اس چوکی پر حملہ کیا تھا۔
پشاور اور خیبر میں 48 گھنٹوں میں دہشت گردی کی یہ چوتھی واردات ہے۔
دوسری جانب خیبر کے تحصیل کمپاؤنڈ دھماکے میں شہید 3 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نمازجنازہ میں آئی جی پولیس، سی سی پی او پشاور، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افراد نے شرکت کی۔