پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے وفاقی وزیر اور ن لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے استفسار کیا ہے کہ ’کیا فوج کو متناز ع بنانا پاکستان کی خدمت تھی؟‘
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران سردار ایاز صادق نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے اپنے اقتدار کے خاطر سب کچھ تباہ کردیا۔
انہو ں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے فوج کو بھی تمام معاملے میں ملوث کیا، کیا فوج کو متنازع بنانا پاکستان کی خدمت تھی؟ اب بھی یہ سوچتے ہیں کہ ان پر کیس نہ ہوں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ ان کی نااہلی کا نہیں پاکستان اور دھرتی کو نقصان کا معاملہ ہے، ایک ملک کا تحفہ توشہ خانہ سے لیا بیچ دیا اور پھر توشہ خانہ میں پیسے دیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ان کی ذہنیت سامنے آئی، جو پاکستان کے خلاف چیزوں میں ملوث ہے کیفرکردار تک پہنچایا چاہیے۔
ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ جب انسان کا ضمیر جاگ جائے تو پھر وہ بیان دے دیتا ہے، اعظم خان نے اب مناسب سمجھا تو جاکر بیان ریکارڈ کرادیا، جو خود چلا جائے اس کو روپوش کہتے ہیں لاپتہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلیم مانڈوی والا کو کیسے پتا چلا کہ ن لیگ کی کیا خواہش ہے، بات ہماری خواہش کی نہیں دیکھنا چاہیے شواہد کیا کہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف سوچ سمجھ کر واپس آنے کا فیصلہ کریں گے، اگست میں اسمبلی کب تحلیل ہوگی اس تاریخ کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ امکان یہی ہے کہ 90 دن کے الیکشن پروسس ہو، نواز شریف الیکشن مہم کا حصہ ہوں گے۔
ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف سوچ سمجھ کر واپس آنے کا فیصلہ کریں گے، جس چیز سے سابق گزرچکے ہیں وہ زیادہ بہتر جانتے ہیں۔