چترال میں طوفانی بارشوں سے دریائے چترال، دریائے مستوج اور دریائے لٹکوہ میں شدید طغیانی آگئی، بپھرا ریلا کئی مکانوں کو بہا کر لے گیا۔
دریائے چترال کے کنارے مختلف ریسٹورنٹس میں پانی داخل ہوگیا، غذر کے علاقے یاسین میں مخلتف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ اسکول، گھر، سڑکیں، درخت اور فصلیں زد میں آگئیں۔
اسکردو کے بالائی علاقوں میں برف باری، نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے متعدد مکان، فصلیں اور سڑکیں متاثر ہوگئیں۔
ضلع گانچھے، کھرمنگ اور شگر میں بارشوں سے دریاؤں کی سطح بلند ہوگئی، موسم کی خرابی پر کوہ پیماؤں نے عارضی طور پر مہم جوئی روک دی۔
فورٹ منرو اور کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر بارش ہوئی، کوئٹہ روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگیا۔ پنجاب، سندھ اور آزاد کشمیر میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔