اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے پروفیسرز کا ایک گروہ یونیورسٹی کے اندر اور باہر فحاشی کی محفلیں سجانے میں ملوث نکلا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی گئی فارنزک رپورٹ میں انکشافات سامنے آگئے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات، ممنوعہ ادویات اور 2 افسران کی گرفتاری کے معاملے پر تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کی گئی فارنزک رپورٹ کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی۔
رپورٹ کے مطابق با اعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پروفیسرز کا ایک گروہ ڈرگ پیڈلنگ میں ملوث ہے، گروہ یونیورسٹی کے اندر اور باہر فحاشی کی محفلیں سجانے میں ملوث ہے۔
متعدد طالبات کو زبردستی نشے کی لت لگا کر ان کا جنسی استحصال کیا جاتا تھا، انکوائری سے پتا چلا کہ یہ گروہ معصوم طالبات کو بلیک میل کرکے انہیں منشیات کی لت لگاتا تھا۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ڈرگ پیڈلنگ میں کریمنل ریکارڈ یافتہ یونیورسٹی کے11 طلبہ ملوث ہیں۔
شعبہ ٹرانسپورٹ کا پوائنٹ انچارج گرفتار، کرسٹل آئس برآمد
پولیس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے شعبہ ٹرانسپورٹ کے پوائنٹ انچارج کو گرفتار کرکے کرسٹل آئس برآمد کرلی گئی۔ ملزم الطاف سے کرسٹل آئس بغداد الجدید کیمپس کے قریب برآمد ہوئی، جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرگ پیڈلنگ کے الزام میں یونیورسٹی کے دو افسران پہلے ہی گرفتار ہیں، جن کے خلاف مقدمات درج ہیں۔