وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیر اعظم بنانے کی خبروں کی تردید کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جس کی بھی یہ تجویز ہے، اس نے ٹھیک بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات میں کوئی شبہ نہیں ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نگراں وزیر خزانہ ایسا ہونا چاہیے، جسے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کی سمجھ بوجھ ہو، کسی شک و شبے کے بغیر ہر حال میں انتخابات ہوتے نظر آ رہے ہیں، ہم بڑی مشکل سے دیوالیہ ہونے سے بچے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسحاق ڈار نے نگراں وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کبھی نہیں کیا، ہمارے کسی اجلاس میں بھی اس پر بات نہیں ہوئی، ہمیں موقع نہیں دینا چاہیے کہ لوگ ہماری طرف انگلیاں اٹھائیں، میں نے جو بات کی وہ کسی کے کہنے پر نہیں کی۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ہر الیکشن پر سوالیہ نشان آیا ہے، نگراں سیٹ اپ غیر جانبدار ہوگا۔