پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و خوبرو اداکار عمران عباس نے ٹاک شوز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ساتھی فنکاروں سے بھی درخواست کی کہ وہ بھی ان ٹاک شوز کا بائیکاٹ کرکے ان کی حوصلہ شکنی کریں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک پر طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکار عمران عباس نے متنازع سوالات کرنے اور پروگرام کے مہمانوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرنے پر مختلف پوڈکاسٹ اور ٹاک شوز اور ان کے میزبانوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
انہوں نے کسی مخصوص پوڈ کاسٹ اور ٹاک شوز کا نام لئے بغیر ان کے میزبانوں اور تخلیق کاروں سے سوال کیا کہ کیا ان پروگرامز میں بات کرنے کے لئے ہمارے معاشرے کا کوئی اہم مسئلہ یا کوئی تخلیقی موضوع باقی نہیں رہا جو ہم ایسی غیر معقول گفتگو صرف سستی شہرت کے لئے کرتے ہیں۔
انہوں نے ٹاک شوز میں ہونے والی غیر معیاری گفتگو پر تنقید کرتے ہوئے ساتھی فنکاروں سے درخواست کی اور کہا کہ یہ ہی وجہ ہے جو اب میں ان شوز میں جانے کے حق میں نہیں ہوں اور اپنے ساتھی فنکاروں سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ بھی ان شوز میں نہ جاکر ان میزبانوں کی حوصلہ شکنی کریں جو سستی شہرت کے لئے غیر معیاری اور غیر اخلاقی گفتگو کرتے ہیں اور مہمانوں کو بھی زور دیتے ہیں کہ وہ بھی اس کا حصہ بنیں۔
انہوں نے اپنی طویل پوسٹ کے اختتام میں خوش اور زندگی میں مثبت رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب افراد کے پاس دوسروں کی زندگی میں کیا ہو رہا ہے اس پر نظر رکھنے یا منفی باتوں کا وقت نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ عمران عباس ان دنوں لندن میں اپنی آنے والی بھارتی پنجابی فلم ’‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ عمران عباس سے قبل سرکاری ٹی وی کے پروگرام سے وابستہ میزبان عاصم یار تیوانہ نے بھی بحیثیت میزبان ان ٹاک شوز اور ان کے میزبانوں کے ایسے اقدامات کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے ٹوئٹ (ایکسز) کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک آزادی اظہار رائے ہے لیکن سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے مہمانوں سے متنازع سوالات کرنا، انہیں ساتھی فنکاروں کی تذلیل کرنے پر مجبور کرنا اور انہیں مذہب تبدیل کرنے کا کہنا باعث شرم ہے۔ میزبان اور مہمان دونوں کو اپنی حدود میں رہنا چاہئے۔