• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

باجوڑ دھماکے کے مزید 11 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہو گئی۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) سی ٹی ڈی کے مطابق حملہ آور گروپ کی شناخت ہو گئی ہے، دھماکے میں کوئی خاص ٹارگٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی انکوائری میں ملزمان تک تقریباً پہنچ چکے ہیں، جائے وقوعہ سے بہت سارے شواہد ملے ہیں، خودکش دھماکے میں 10 سے 12 کلو بارودی مواد استعمال ہوا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے میں 90 سے زائد زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 38 میتیں شناخت کے بعد ورثاء اپنے ساتھ لے گئے ہیں جبکہ 8 لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث اسپتال میں رکھی ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے میں جاں بحق افراد میں 5 بچے بھی شامل ہیں، دھماکے میں جاں بحق افراد میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی تھی۔

باجوڑ دھماکا، 3 مشکوک افراد زیرِ حراست

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان کا کہنا ہے کہ تین مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 

باجوڑ دھماکے کی ایف آئی آر درج

باجوڑ دھماکے کی ایف آئی آر نامعلوم حملہ آور کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی باجوڑ میں درج کر لی گئی۔

ایف آئی آر  اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خار نیاز محمد کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تحقیقاتی ٹیم کا دھماکے کی جگہ کا دورہ

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سی ٹی ڈی باجوڑ امجد خان نے کہا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ 

انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے زخمیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے اور جیو فینسنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکا ہوا تھا۔

ترجمان جمعیت علماء اسلام خیبر پختوا عبدالجلیل جان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ورکرز کنونشن میں 4 بجے کے قریب دھماکا ہوا تھا۔

قومی خبریں سے مزید