وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی سیاست چمکائی جا رہی ہے۔ ملکی معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کے لیے ہم نے مشکل فیصلے کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اتحادی حکومت نے سستی شہرت لینے کے لیے فیصلے نہیں کیے، 15 ماہ قبل مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں نے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا آج ہم سر اونچا کر کے کہہ سکتے ہیں کہ جو فیصلہ کیا ملکی استحکام کے لیے کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تھے ملک دیوالیہ ہونے کی نہج پر تھا۔ نااہلوں اور چوروں نے اپنی سیاست کو بچانے کے لیے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔ نواز شریف آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ چکے تھے۔ پی ٹی آئی نے اپنے ہی دستخط کردہ آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے ملکی ساکھ بچانے کے لیے آئی ایم ایف کے معطل پروگرام کو بحال کیا۔ ہم معیشت کے اندر ان کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا خاتمہ کریں گے۔ ہم ملک کو ترقی کی شاہراہ پر لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ میں ہیں۔ نگران سیٹ اپ کا فیصلہ وزیراعظم اور اتحادی جماعتیں کریں گی۔