• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ پشاور، خار خودکش دھماکے پر بریفنگ دی گئی

وزیراعظم اور آرمی چیف نے اسپتال جاکر دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف نے اسپتال جاکر دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور خار خودکش دھماکے پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کو تحقیقات میں پیشرفت، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے درمیان روابط کے خاتمے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں انسداد دہشتگردی کے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے اور سرحد پار سے پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان حکومت کو اپنی سرزمین کا دوسرے ملک میں دہشتگردی کیلئے استعمال روکنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے زخمی افراد کو خار سے پشاور منتقل کرنے کیلئے فوج کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا اور دھماکے کے زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے دھماکے کے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ قوم دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمہ کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید