وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت جتنی بھی قابل ہو ان کے ساتھ بے یقینی کا تاثر رہے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن سے فرار کسی صورت ممکن نہیں، ملک کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن کے وقت بھی اس طرح کا مسئلہ درپیش تھا، 2017 کی مردم شماری کا حتمی نوٹیفکیشن بھی پھر پی ٹی آئی حکومت میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت درپیش مسائل کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے آئین کی روشنی میں کرنا ہے، نگراں سیٹ اپ آئے گا، اس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حلقوں کی حد تک نئی حلقہ بندیاں کی جاسکتی ہیں، فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی طرف سے مردم شماری کے عمل میں وقت لگا اور مسائل آئے، مردم شماری کیلئے مزید وقت نہ دیتے تو پھر صوبے گلہ کرتے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس 5 سال کا مینڈیٹ ہو تو اصلاحات کرسکتی ہے، انڈرسٹینڈنگ یہی ہے کہ ہمیں 90 دن کے الیکشن مہم کو ٹارگٹ کرکے فیصلہ کرنا چاہیے۔